نئی دہلی :27/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)سینئر کانگریسی لیڈر ملکا ارجن کھڑگے نے ہفتہ کو کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس لوک سبھا انتخابات سے قبل کرناٹک میں حکومت گرانے اور گورنر راج نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کھڑگے نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو توڑنے کی بی جے پی کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے ساتھ مل کر بی جے پی ریاست میں حکومت گرا کر گورنر راج نافذ کرنا چاہتی ہے؛ لیکن ہم انہیں اس مذموم عمل میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہیں حکومت گرانے کی کوشش کرنے دیں، اگر ہمارے خیمہ سے ایک جاتا ہے تو ہم ان کے خیمہ سے 10 لے آئیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی ایجنسیوں کا بھی استعمال کرکے بھی ممبران اسمبلی کو بی جے پی میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے دم پر نام نہاد ’آپریشن کمل ‘اب بھی جاری ہے۔ سال 2008 میں بی ایس یدی یورپا نے ایسا کیا تھا اور اب پھر یہ کیا جا رہا ہے۔ یہ بی جے پی کی دماغی اپج ہے، کسی کو پیسوں کا لالچ، کسی کو اقتدار کا لالچ اور کچھ ممبران اسمبلی کو دھمکایا جا رہا ہے۔وزیر اعلی ایچ ڈی کمارسوامی نے بھی الزام لگایا ہے کہ ان کی پارٹی کے اراکین اسمبلی سے بھی بی جے پی نے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے (بی جے پی) ہمارے ایک رکن اسمبلی کو خطیر رقم کا آفر دیا تھا اور پوچھا تھا کہ وہ رقم کہاں بھیجنی ہے۔ جب اس گفٹ کی رقم کا پتہ لگے گا تو آپ بھی حیران ہو جائیں گے۔ ہمارے رکن اسمبلی نے کہا کہ انہیں کسی طرح کا کوئی گفٹ نہیں چاہئے۔ تاہم بی جے پی نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے اور کہا کہ کرناٹک میں جے ڈی ایس اور کانگریس اتحاد کی حکومت گرانے میں ہماری پارٹی کی طرف سے کوئی سرگرمی نہیں ہے ۔